خطباتِ پاکستان مولانا سید جلال الدین کے ان خطبات کا مجموعہ ہے جو اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کے موقع پر انھوں نے مختلف دینی، تحریکی اور علمی مجالس میں ارشاد فرمائے۔ مولانا سید جلال الدین عمری جماعت اسلامی ہند کے امیر، معروف دینی سکالر اور جید عالم دین ہیں۔ ممتاز محقق، خطیب اور صاحب ِطرز مصنف ہیں۔قرآن و سنت اور جدید علوم و افکار ان کا خاص موضوع ہیں۔ اسلوب کی انفرادیت ،موضوع کا تنوع ،منفرد طرز استدلال اور زبان و بیان کی شگفتگی ان کی تحریر کے نمایاں اوصاف ہیں۔
خطبات پاکستان ان کے دو اسفارِ پاکستان کی رُودادوں اور اس دوران مختلف مجالس اور سیمی ناروں میں ان کی تقاریر کا مجموعہ ہے۔ان خطبات میں ’’اسلام‘‘ کے حوالے سے جامع اور وسیع تر تناظر میں بات کی گئی ہے جس میں تحریک اسلامی ،اقامت دین اور اس کے علمی و عملی تقاضے ، احیاے اسلام کی مختلف تدابیر ، غلبۂ اسلام کی جد وجہد اور اس کی جہتیں ،ذاتی اصلاح و تربیت ، ہندستانی مسلمانوں کے حالات، مشکلات و مسائل ،اہم شخصیات کا تعارف ، پاکستان کے حالات، دینی و تحریکی حلقوں کی سرگرمیاں اور جماعت اسلامی ہند کا تذکرہ شامل ہے۔ اخبارات و رسائل کو دیے گئے مختلف انٹر ویو بھی کتاب کاحصہ ہیں۔ خطبات پاکستان ایک صاحب دل بزرگ کے تجربات و مشاہدات کا نچوڑ ہے جس سے پاکستان اور ہندستان میں اسلامی تحریک کا کام کرنے والوں کے لیے قیمتی نکات اور عمدہ لوازمہ فراہم ہو گیاہے۔
